چین کی مسعود اظہر معاملے پر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش

Last Updated On 17 March,2019 07:45 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین نے مسعود اظہر کے معاملے پر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مسعود اظہر کے معاملے پر بھارت سمیت تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

بیجنگ کو مسعود اظہر پر پابندیاں عائد کرنے کے معاملے پر غور کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ اس معاملے پر مشترکہ مشاورت کے ساتھ مرتب کیا گیا کوئی طویل المدتی پلان ہی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ چین کو امید ہے کہ سلامتی کونسل کی ذیلی کمیٹی کے اقدامات علاقائی سلامتی کے تحفظ اور کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق مسعود اظہر کو بلیک لسٹ کرنے کا یہ معاملہ تقریباً نو ماہ کے لیے لٹک کر رہ گیا ہے۔ ایسی خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ یہی تینوں ملک امریکہ، برطانیہ اور فرانس ایک اور ایسی ہی قرارداد سلامتی کونسل میں پیش کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔