اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پاک بھارت کشیدگی میں کمی مثبت پیش رفت ہے، امریکا نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کیا، چین، روس، ترکی، سعودی عرب، یو اے ای، اردن نے بھی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان نے سفارتی کوششوں میں مزید اضافہ کیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر نئی دلی کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، امریکی وزیر خارجہ کی کاوشوں پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا سی پیک کے اگلے مرحلے کا آغاز ہوگیا، دوسرے ملک بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، پاک چین اقصادی راہداری سے دونوں ممالک کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین نے پاکستان بھارت کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے کا کہا، پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہیں، سی پیک دونوں ملکوں کی خطے کی ترقی کی خواہش کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا چین کے تعاون سے پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے نئے دور کا آغاز چاہتے ہیں، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت میں سی پیک کے تحت تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا وزیراعظم کی قیادت میں سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسیوں پرعمل پیرا ہیں، عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔