اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی سفارتخانے کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ پانچ برس میں سی پیک کے گیارہ منصوبے مکمل جبکہ گیارہ پر کام جاری ہے، پاکستانیوں کیلئے 75 ہزار نوکریاں پیدا کیں، اس کے علاوہ توانائی کے سات پراجیکٹس سے چھ ہزار نو سو میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
چینی سفارتخانہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سی پیک منصوبے شارٹ ٹرم، مڈم ٹرم اور لانگ ٹرم ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی کی کل سرمایہ کاری 18.9 ارب ڈالر ہے۔ سی پیک کے 20 مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن میں توانائی، انفرا سٹرکچر اور گوادر پورٹ کے بڑے شعبے بھی شامل ہیں۔
منصوبے کی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ سی پیک سے پاکستانی عوام کیلئے 75 ہزار نوکریاں پیدا ہوئیں جبکہ 2015ء سے 2030 تک 7 لاکھ نوکریاں پیدا کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ توانائی کے 7 منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جن سے 6900 میگا واٹ بجلی کی پیداوار جاری ہے۔ گوادر فری زون کی تکمیل کا کام 2030ء تک مکمل ہوگا۔ گوادر پورٹ پر 25 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے۔