اسلام: (دنیا نیوز) ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ امن اور استحکام کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ملک میں امن کے بغیر سرمایہ کاری نہیں ہو سکتی۔
ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ آزادی کے وقت ملائیشیا غریب ملک تھا۔ آزادی کے وقت طے کیا تھا کہ ملائیشیا ترقی کے مراحل طے کرے گا۔ ہم نے کوریا اور جاپانی لوگوں سے سبق لیا اور کام کیا۔ آزادی کے وقت ہم نے چھوٹی صعنتوں پر انحصار کیا۔ بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دیں اور ابتدائی دس سال ٹیکس کی چھوٹ دی۔
ڈاکٹر مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ تاجروں کے لئے اشتراک کے موقع پیدا کرنا بہت ضروری ہیں۔ صنعتیں ہوں گی تو روزگار کے موقع پیدا ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔ ایک ایکٹر کے کارخانے میں 500 لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔ ملائیشیا میں غربت کا خاتمہ صنعتوں کے قیام سے ممکن ہوا۔
ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ بزنس کانفرنس کے انعقاد پر شکر گزار ہوں۔ دوسرے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔ اس طرح کی کانفرنس ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ ہمیں دونوں ملکوں کی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسرائیل کے علاوہ سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ہم نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق نہیں رکھا۔
اپنے خطاب کے بعد ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے پاکستان میں پہلا کار پلانٹ لگانے کا اعلان کیا اور اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کو کار کی چابی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیاں ایم او یوز پر دستخط کی تقریب بھی ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد ملائیشیا میں تبدیلی لے کر آئے۔ پاکستان کا ہر شہری ان کی قابلیت کا معترف ہے۔ مہاتیر محمد کا دورہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مہاتیر محمد کی قیادت میں ملائیشیا نے خود کو خود کفالت بنایا۔ ملائیشیا کی ترقی اسلامی دنیا کے لئے مثال ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان پانچ بڑے منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ برادر اسلامی ملک ملائیشیا پاکستان سے جے ایف سترہ طیاروں کی خریداری کا خواہشمند ہے۔ ملائیشیا کے ساتھ ٹینک شکن میزائل برآمد کرنے کے معاہدہ پر بھی جلد عمل کریں گے۔