کراچی: (دنیا نیوز) نارتھ کراچی کے سی این جی سٹیشن میں گیس لیکج کے باعث دھماکا واقعے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر ریسکیو اور پولیس کی نفری پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ حادثے میں ابتدائی طور پر 6 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دوران علاج سٹیشن مالک راشد اور سی این جی آپریٹر ثاقب دم توڑ گئے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔ ڈی ایس پی الطاف حسین کہتے ہیں کہ ابتدائی شواہد سے دھماکا گیس لیکج کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ سٹیشن ملازم کے مطابق دھماکا کمپریسر روم میں نہیں ہوا۔ جائے وقوع پر کوئی سیلںڈر بھی موجود نہیں تھا۔
پولیس حکام نے واقعہ کی تفصیلات جمع کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔