ڈیرہ غازیخان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان سیمنٹ فیکٹری کے نزدیک دربار زندہ پیر پر زائرین کو لے کر جانے والی ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔
ڈیرہ غازی خان زائرین کو لے کر جانے والی ٹیکٹر ٹرالی زندہ پیر دربار کے نزدیک الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 افراد ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ حادثے میں 18 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا۔
ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹر کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے جو ڈیرہ غازی خان بلاک 42 کے رہائشی تھے اور دربار پر مانگی گئی منت کو پورا کرنے کے لئے زندہ پیر دربار جا رہے تھے۔