اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے سنگین غداری کیس میں التوا کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف آئندہ سماعت پر پیش ہوں، ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرائیں یا وکیل ان کی جگہ جواب دیں، اندازہ تھا سابق صدر ہسپتال داخل ہوجائیں گے۔
پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ خصوصی عدالت کے رجسٹرار کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قراردے دیا گیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا عدالت کو اس معاملے کا کوئی حل بتایا جائے۔ چیف جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کوئی راستہ نکالیں ورنہ عدالت فیصلہ کریگی، عدالت انصاف کیلئے کوئی بھی حکم جاری کرسکتی ہے۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ اللہ اور قانون سے بڑھ کر کوئی طاقتور نہیں، عدالت فیصلہ کرے گی کہ مشرف فلاں تاریخ کو پیش ہو، اگر پیش نہیں ہوتے تو سکائپ پر بیان دیں، وگرنہ عدم حاضری پر بھی کاروائی جاری رہے گی، ایسے واقعات سے برے اثرات سامتے آتے ہیں۔