اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما قائم علی شاہ کو پریشانی پر پریشانی، ٹھٹھہ شوگر ملز کیس میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کرائی تو نیب نے دادو شوگر ملز کے معاملے پر بھی کل ہی طلب کر لیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو نئے نوٹس میں کہا ہے کہ بطور وزیراعلیٰ سندھ آپ حکومتی اثاثوں کے محافظ تھے، آپ نے دادو شوگر ملز اونے پونے داموں فروخت کر کے خزانے کو نقصان پہنچایا، اس اقدام سے نوڈیرو شوگر ملز کو غیر قانونی فوائد ملے۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ سے کہا گیا ہے کہ وہ 27مارچ دن 3 بجے نیب کے پرانے ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں اور دادو شوگر ملز کا ریکارڈ بھی ساتھ لائیں۔ اگر پیش نہ ہوئے تو قانونی کارروائی ہو گی۔
خیال رہے کہ نیب نے قائم علی شاہ کو ٹھٹھہ شوگر ملز کیس میں بھی بدھ کو طلب کر رکھا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کرائی ہے۔