عدالت نے ایان علی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیدیا

Last Updated On 26 March,2019 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈالر گرل ایان علی کیلئے کچھ اچھی کچھ بُری خبر، کسٹمز کورٹ نے کرنسی سمگلنگ کیس کی ملزمہ کا کیس داخل دفتر کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو سپر ماڈل کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کرنے کا کہہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل ایان علی کے خلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ خصوصی کسٹمز کورٹ نے ایان علی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے اسے پاکستان لائے جانے تک کیس داخل دفتر کر دیا۔

کسٹمز کورٹ کے جج ارشد حسین بھٹہ نے دفعہ 512 کے تحت گواہوں کا بیان قلبند کرنے کے بعد ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایان علی جب بھی ملک واپس آئی تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ ملزمہ کے ریڈ وارنٹ کے لئے لیٹر جاری کرے۔ سپیشل پراسیکیوٹر کسٹمز کا کہنا تھا کہ ریڈ وارنٹ کے لئے قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔