گیس بلوں پر اضافی وصولیاں صارفین کو 30 جون تک واپس ہونگی، غلام سرور

Last Updated On 26 March,2019 06:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم غلام سرورخان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گیس کے بلوں میں اضافی وصولیاں صارفین کو تیس جون تک واپس کرے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ گیس قیمتوں کے حوالے سے غلطی کا اعتراف کر چکے ہیں۔ تیس جون تک اضافی وصولیاں واپس کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ قیمتوں میں اضافے گیس کمپنیوں کی درخواست کے مطابق کئے جائیں۔ اوگرا درخواستوں کی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا جبکہ اوگرا کے فیصلے کے بعد اضافے یا ردوبدل کا حتمی اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے۔ کوشش کریں گے آئندہ بھی عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالیں۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ قطر کے ساتھ ایل این جی کے کم ریٹ پر بات ہوئی ہے۔ گیس خریداری مجبوری نہیں ہے۔ فیصلہ ملکی مفاد کے مطابق کریں گے۔ سمندر سے گیس کی دریافت کے حوالے سے مثبت چیزیں مل رہی ہیں۔