اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب راولپنڈی نے اثاثہ جات کیس میں سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو یکم اپریل کو طلب کرلیا۔ نیب راولپنڈی نے لیگی رہنما سے اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔
نیب راولپنڈی نے خواجہ آصف کی طلبی کا سمن جاری کر دیا۔ نیب نے ہدایت کی ہے کہ خواجہ آصف اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی ہمراہ لائیں، خواجہ آصف بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں۔
یاد رہے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے نیب کو خواجہ آصف کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئے خط لکھا گیا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ خواجہ آصف 2013ء سے اہم ترین وزارتوں پر فائز چلے آ رہے ہیں، ان کی منی لانڈرنگ اور مالی بدعنوانیوں کے واضح اور دستاویزی ثبوت منظر عام پر ہیں جبکہ غیر ملکی بینکوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی بے نامی منتقلی کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے۔
خط میں کہا گیا کہ خواجہ آصف نے بیرون ملک اثاثوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی، جس کے لئے انہوں نے اپنی اہلیہ کے غیر ملکی اکاؤنٹس بھی استعمال کئے، غیر ملکی ہوٹلوں اور مشکوک بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ حاصل کر لیا جو انہوں نے الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔
عثمان ڈار کی جانب سے لکھے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ خواجہ آصف اپنا اقامہ اور غیر ملکی ادارے کی ملازمت کا معاہدہ پہلے ہی قبول کر چکے ہیں، نیب خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کرے، غیر ملکی ہوٹلوں، بینک اکاؤنٹس اور بے نامی ٹرانزیکشنز کے ثبوت فراہم کروں گا۔