گھوٹکی: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے وفاق کی علامت پیپلز پارٹی آج اندرون سندھ تک سمٹ کر رہ گئی، پنجاب میں ن لیگ اکھڑ گئی، خیبر پختونخوا میں جے یو آئی اور اے این پی کا وجود نظر نہیں آتا، باشعور لوگوں کو اب نیا راستہ تلاش کرنا ہے۔
وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ماضی میں جو وفاق کی علامت تھے آج ان کی سیاست کا ملک میں وجود نہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی مسلسل 10 سال کی حکومت ہے، کیا آپ لوگوں کی زندگی میں بد حالی آئی یا خوشحالی ؟ وقت آگیا ہے سندھ کا سیاسی مفکر فیصلہ کریں کہ انہوں نے نیا راستہ اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا میرا فیصلہ تھا عمران خان کی قیادت میں ملک میں تبدیلی لانی ہے، جب تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا تب کہا گیا میں نے سیاسی خودکشی کرلی، سیاسی نگاہ دیکھ رہی تھی کہ تبدیلی آنی ہے اور تبدیلی آگئی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا تجزیے کیے گئے اگر عمران خان وفاق میں حکومت بنا بھی لیں تو پنجاب میں حکومت ن لیگ کی ہی ہوگی، میرا پنجاب سے تعلق اور سندھ کے ساتھ رشتہ ہے، ملک میں رونما ہونیوالی تبدیلی تمام عوام دیکھ رہی ہے،2018 میں پونے 2 لاکھ سندھ کے لوگوں نے بلے پر مہر لگائی، سندھ کے لوگ شعور رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا میری سیاسی آنکھ سندھ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہی ہے، اگلے جنرل الیکشن میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت دیکھ رہا ہوں، چاہتا تھا عمران اسماعیل آج پارٹی ترانہ گائے لیکن اب آپ گورنر بن گئے ہیں۔