سابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس ٹپی گرفتار

Last Updated On 02 April,2019 12:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی اویس ٹپی کو گرفتار کر لیا گیا، اویس مظفر ٹپی کو انٹرپول نے دبئی سے گرفتار کیا۔

ذرائع کے مطابق اویس ٹپی سابق صدر زرداری کے منہ بولے بھائی ہیں، اویس مظفر ٹپی پر جعلی بینک اکاونٹس کے ذریعے اربوں روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، ان پر ہزاروں ایکڑ سرکاری زمین کے جعلی کاغذ بنا کر بیچنے کا الزام ہے۔

نیب نے اویس مظفر ٹپی کے خلاف یکم اگست 2018 کو تحقیقات کی منظوری دی۔ نیب کے مطابق اویس مظفر ٹپی کی تحقیقات انتہائی اہم مرحلے میں ہے، ان پر ملیر میں سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے کا الزام ہے، آمدن سے زائد کیسز کی بھی تحقیقات چل رہی ہیں۔

دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نیب ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوئے، جے آئی ٹی نے سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کی۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا جعلی اکاؤنٹس میں مجھے بلایا گیا، جیسے ہی مجھے عدالت سے نوٹس موصول ہوا میں پہنچ گیا، جس طرح کا سکول میں سوالنامہ دیا جاتا تھا اسی طرح کا سوالنامہ دیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور آئین کی پاسداری کی بات کی، بلاول ملک کیلئے ایک امید ہیں، نوجوان ان کیساتھ ہیں، بلاول بھٹو پر بینظیر بھٹو کا بیٹا ہونے کی وجہ سے عوام کی امیدیں زیادہ ہیں۔