اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب کے زیر صدارت اجلاس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر جعلی اکاؤنٹس اور 7 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا جائیگا۔
ملزمان پر جعلی اکاؤنٹس اور 7 ایکڑ سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔ قومی خزانے کو ایک ارب 42 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ علی گوہر ڈاہری اور دیگر کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی گی۔
ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو 7 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی تمام شکایات کی جانچ پڑتال اور تحقیقات قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔
ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ افتخار رحیم اور سی ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر اربن غلام سرور سندھو کے خلاف بھی ریفرنس کی منظوری دیدی ہے۔ کراچی میونسپل کارپوریشن کے سابق ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید اور سندھ کے سابق سیکرٹری اعجاز احمد کیخلاف بھی ریفرنس دائر کئے جائیں گے۔