اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ اس کے علاوہ بھی سماجی بہبود کے لیے کئی نئے پروگرام لا رہے ہیں۔ کابینہ نے غربت کے خاتمے کیلئے نئی وزارت کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ سستا گھر سکیم کا بھی جلد افتتاح ہو رہا ہے جبکہ احساس کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔
فواد چودھری نے انڈین پریمئیر لیگ کی نشریات دکھانے پر پابندی کے فیصلے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کی وجہ سے سپورٹس کو متاثر نہیں ہونا چاہیے لیکن بھارت کی جانب سے ایسا رویہ رکھا گیا۔ بھارتی ٹیم نے حد ہی کر دی اور فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلا۔ بھارت کے اس رویے کا پوری دنیا میں مذاق اڑایا گیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ زیادہ مشکل وقت نہیں، انشا اللہ بہتر وقت آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا یقینی بنائیں گے کہ رمضان المبارک میں میں کم سے کم لوڈشیڈنگ ہو۔