فضائی آلودگی سے اموات، پاکستان سرفہرست ممالک میں شامل

Last Updated On 04 April,2019 09:38 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی ادارے کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان 5 سرفہرست ممالک میں شامل ہے جہاں فضائی آلودگی کے باعث زیادہ اموات ہوتی ہیں اور دنیا بھر میں فضائی آلودگی سے 20 ماہ کے تناسب سے عمر میں کمی ہوگی جبکہ جنوبی ایشیا پر اس کا گہرا اثر پڑے گا۔

امریکی ادارے ہیلتھ ایفیکٹ انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کی جانب سے شائع سٹیٹ آف گلوبل ایئر رپورٹ میں کہا گیا ہے آلودگی دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات کا پانچواں بڑا سبب ہے جو ملیریا، سڑک حادثات، غذائی قلت یا شراب نوشی کے باعث ہونے والی اموات سے بڑا سبب ہے۔ چین ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں 2017 میں آلودگی کے باعث 8 لاکھ 52 ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایشیا میں آلودگی کے شکار سرفہرست 5 ممالک میں چین، بھارت، پاکستان، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہونے والی آلودگی کا نصف گھریلو فضائی آلودگی ہے اور اندازے کے مطابق اس کا شکار ہونے والوں میں بھارت میں 84 کروڑ 60 لاکھ افراد اور چین میں 45 کروڑ 20 لاکھ افراد ہیں۔