لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب بھر کے اساتذہ نے 7 روز بعد دھرنا ختم کر دیا، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن نے 4 ہفتے میں تمام مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔
پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی سنی گئی، پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کے ساتویں روز وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر ہمایوں نے مذاکرات کیے۔ انہوں نے کہا مظاہرین کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، اس حوالے سے جلد ہی وزیراعلیٰ کو بھی آگاہ کر دیا جائیگا۔
مذاکرات تسلیم کیے جانے پر مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا اگر اس بار مقررہ مدت تک مسائل کا حل نہ کیا گیا تو ایک بار پھر احتجاج کیلئے سڑکوں پر ہوں گے۔ دھرنا ختم ہونے اور مطالبات تسلیم کیے جانے پر مظاہرین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ انہوں نے ایک دوسرے کو منہ میٹھا کرا کے مبارک باد بھی دی۔