پٹرول پر ٹیکس بڑھا دیا، مہنگائی کردی، حکومت نام کی چیز نہیں: ہائیکورٹ برہم

Last Updated On 03 April,2019 02:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی حکومت پر برس پڑے اور ریمارکس دیئے ہوئے کہا پٹرول پر ٹیکس بڑھا دیا، مہنگائی کر دی حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ڈالر کی قیمت روز بڑھ رہی ہے پتہ نہیں حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے، ڈالر ریٹ روکنے کے بجائے حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سڑکوں کی تعمیر اور ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں نہ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فنانس سیکرٹری پنجاب کو 15 روز میں ٹھیکیداروں کو ادائیگیوں کا حکم دے دیا۔ جسٹس امیر بھٹی نے کہا حکومت روز کسی نہ کسی ملک کے سربراہ کو بلا کر اربوں روپے مانگتی ہے، حکومت اربوں روپے وصول کر لیتی ہے لیکن جاتے کہاں ہیں ؟ اربوں ڈالر لینے کے بعد قیمت نیچے جانے کے بجائے اوپر جا رہی ہے۔

فنانس سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ٹیکس کے طے شدہ اہداف حاصل نہیں کر پائے، پنجاب میں 100 ارب روپے کا شارٹ فال ہے۔ جس پر عدالت نے کہا پہلے بھی یہی سسٹم تھا لیکن اتنی غیر یقینی صورتحال نہیں تھی، عوام کو ریلیف نہیں مل رہا، حکومت میں آنیاں جانیاں لگی ہوئی ہیں، حکومت ٹھیکیداروں سے کام کرا لیتی ہے لیکن پیسے نہیں دیتی۔