لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سٹی کیس میں گرفتار خواجہ برادرن کے جوڈیشیل ریمانڈ میں 18 اپریل تک توسیع کر دی۔ خواجہ سعد رفیق نے ایک بار پھر حکومت پر شدید تنقید کی، بولے کہ ملک نالائق مینیجرز کے ہاتھ آ گیا ہے۔ نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے رخصت پر جانے کے سبب ڈیوٹی جج جواد الحسن نےسماعت کی، جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا کوئی وارث ہے یا نہیں، بتایا جائے تفتیش کہاں تک پہنچی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ تفتیش تقریباً مکمل ہوچکی ہے، ضابطے کی کارروائی چل رہی ہے۔ عدالت نے نیب حکام کو رپورٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 اپریل تک توسیع کر دی۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف کا پروگرام لینے کی بات کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ قوم کو مزید رلائیں گے۔ ملک نالائق مینیجرز کے ہاتھ آ گیا ہے۔
نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے کچھ نہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ کر دیا ہے، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت ہے حکومت کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔