لگتا ہے اگلا الیکشن ایم کیو ایم سے مل کر لڑیں گے: عمران خان

Last Updated On 04 April,2019 08:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قفاوی وزیر قانون فروغ نسیم اور خالد مقبول صدیقی کو نفیس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے اگلا الیکشن ایم کیو ایم سے مل کر لڑیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر قوموں کی ترقی ناممکن ہے۔ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہماری حکومت انصاف اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی پارلیمنٹ میں انگریزی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 90 فیصد پاکستانیوں کو انگریزی نہیں آتی۔ پبلک فورم پر انگریزی بول کر ہم اپنے لوگوں کی توہین کرتے ہیں۔ ہمیں اس روایات کو تبدیل کرنا چاہیے۔ اردو چینل پر بھی لوگ پروگرام میں بیٹھ کر انگلش بولنا شروع کر دیتے تھے۔

عمران خان نے بتایا کہ حیدر آباد یونیورسٹی کو ٹیکنکل بیس یونیورسٹی بنائیں گے اور اس کیلئے خالد مقبول صدیقی کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ اس کے علاوہ سوہاوا میں زمین خریدی جا چکی ہے جہاں القادر یونیورسٹی بنائیں گے۔ اس یونیورسٹی میں سائنس اور صوفی ازم میں ریسرچ پر تعلیم دی جائے گی۔

 

Advertisement