کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر 10 سالہ بچہ جاں بحق

Last Updated On 06 April,2019 05:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے قائد آباد کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار اور راہگیر بچہ زخمی بھی ہوئے، پولیس نے ایک ملزم کو دھرلیا۔

نارتھ کراچی انڈا موڑ پر پولیس کی فائرنگ سے میڈیکل کی طالبہ نمرہ کی ہلاکت کو زیادہ وقت بھی نہ گذرا تھا کہ لانڈھی قائد آباد کا سجاد پولیس اور ڈاکووں کی فائرنگ کی زد میں آکر زندگی گنوا بیٹھا۔

پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ سادہ لباس پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر گینسگٹر شیر زمان نے اندھا دھند فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں ملزم خود بھی زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

دوسری جانب پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ سجاد کو سر اور بازو میں دو گولیاں چار سے پانچ فٹ کے فاصلے سے لگیں۔ مقتول سجاد کے اہلخانہ نے پولیس پر شک کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔