سکھر: (دنیا نیوز) سکھر بورڈ کے زیر انتظام نویں جمات کا کیمسٹری کا پرچہ آؤٹ ہو گیا، امتحانی مراکز میں پرچہ شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا کی نظر ہوگیا، طالب علموں کی جانب سے موبائل فون اور گائیڈوں کا آزادانہ استعمال جاری رہا۔
سکھر بورڈ کے زیر اہتمام نویں جماعت کا کیمیسٹری جبکہ لاڑکانہ بورڈ کے زیر اہتمام دسویں جماعت کا اسلامیات کے پرچے جاری ہیں، 9 بجتے ہی لاڑکانہ اور سکھر بورڈ کے پرچہ واٹس ایپ گروپوں میں شئیر ہو گئے جبکہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ امتحانات میں نقل کا نہ رکنے والا سلسلہ برقرار رہا۔
امتحانی مراکز میں موبائل فونز اور گائیڈوں کا آزادانہ استعمال ہو رہا ہے، انویجلیٹرز کی موجودگی میں طلبا بے خوف ہوکر موبائل فون کے ذریعے پرچے حل کرنے لگے۔ سر عام بے لگام ہونے والی نقل نے کیمسٹری کا مشکل پرچہ آسان بنا دیا جبکہ کچھ امتحانی مراکز میں ایک ہی بینچ پر تین تین طلبا کو بٹھا کر پرچہ لیا جانے لگا۔
دوسری جانب امتحانات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نافذ کی گئی دفعہ 144 بھی بے سود ثابت ہوگئی، امتحانی مراکز کے باہر غیر متعلقہ افراد کی موجودگی برقرار رہی جبکہ فوٹو سٹیٹ کی دکانیں بھی امتحانات کے اوقات میں کھلی رہیں۔