کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس میں روپوش مقدمے کا اہم اور چشم دید گواہ منظرعام پر آگیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں زبیر چریا کو شناخت کرلیا گیا۔
سانحہ بلدیہ ٹاون کیس میں چشم دید گواہ نے زبیر چریا کو شناخت کرلیا۔ سپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے مقدمے کے چشم دید گواہ کو عدالت میں پیش کیا۔ عینی شاہد کے بیان کے مطابق واقعے والے روز زبیر چریا فیکٹری میں موجود تھا، پہلے زبیر چریا نے اپنے ساتھیوں کیساتھ گودام کے واش روم کے باہر چرس پی۔
عینی شاہد کا مزید کہنا تھا کہ زبیر چریا نے میرے سامنے اپنی جیب سے تھیلیاں نکال کر گودام میں موجود کپڑے پر پھینکی، زبیر چریا آگ لگنے پر مسکراتا رہا، زبیر چریا کے دیگر ساتھیوں کو بھی شناخت کرسکتا ہوں جبکہ ملزمان زبیر چریا اور عبد الرحمان عرف بھولا کے وکیل نے عینی شاہد کے بیان پر جرح بھی کی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر بیان کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔