شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ میں تھانہ گلبرگ لاہور کی پولیس وین الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق، ایک زیر حراست ملزم اور 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تھانہ گلبرگ لاہور کے پولیس اہلکار لیہ میں چھاپہ مارنے کے بعد امانت میں خیانت کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد لاہور لارہے تھے کہ شیخوپورہ میں بھکھی کے قریب پولیس وین ٹائرپھٹنے کی وجہ سے الٹ گئی، حادثے میں 2 پولیس اہلکار مجاہد اور کوثر جاں بحق اور 5 پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے جن میں سے 2 بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ زیرحراست ملزم بھی حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے۔
واقعہ کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ اور پھروہاں سے تشویشناک حالت کے پیش نظر جنرل اور میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا۔
بعد ازاں شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گوجر سنگھ میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سی سی پی او بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، چیف ٹریفک آفیسر لیاقت علی ملک، ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستوں نے شہید اہلکاروں کو سلامی بھی پیش کی۔