اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب، خیبرپختونخوا، اندرون سندھ میں طوفانی بارشوں اور آندھی نے تباہی مچا دی، دیواریں گرنے اور دیگر حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے، لیسکو کے 150، فیسکو کے 110 فیڈر ٹرپ کر گئے۔
لاہور میں رات کے وقت تیز آندھی سے ہر طرف گردو غبار پھیل گیا، آسمان پر چھائے بادلوں نے بھی رنگ جمایا، بعض علاقوں میں تیز بارش اور کہیں بوندا باندی ہوئی۔ شاد باغ میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، مختلف حادثات میں 16افرادزخمی ہوئے۔ لیسکو ریجن کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
خانیوال میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، چھتیں اور دیواریں گرنے سے 4 افراد ملبے تلے دب کر جانیں گنوا بیٹھے، حاصل پور میں فیکٹری کی دیوار گر گئی، 3 بدقسمت مزدور جاں بحق ہو گئے، دنیا پور میں شدید آندھی سے بجلی کا تار ٹوٹ گیا، زد میں آ کر ایک شخص دم توڑ گیا۔
ملتان، شجاع آباد، منچن آباد، فیصل آباد میں حادثات میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔ فیسکو کے 110 فیڈر ٹرپ کر گئے، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازیخان میں ژالہ باری ہوئی، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، حجرہ شاہ مقیم سمیت کئی شہروں میں مٹی کا طوفان آیا۔
طوفانی بارشوں سے سبی میں تلی ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا حفاظتی بند بہا کر لے گیا، ایک درجن سے زائد علاقوں کا زمینی رابطہ کٹ گیا، بولان ندی میں پھنسے 6 افراد کو ایف سی نے بذریعہ ہیلی کاپٹر ریسکیو کر لیا۔
چترال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکان گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے، ٹھٹھہ میں تیز ہواؤں سے کچے گھروں کی چھتیں گر گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، کیٹی بندر میں لانچ ڈوب گئی، 20 ماہی گیروں کو بچا لیا گیا، کندھ کوٹ میں مٹی کے طوفان نے ہر منظر دھندلا دیا۔