لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے گرفتار افسروں کو ہتھکڑیاں نہ لگانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا ٹھوس شواہد پر بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی کی، ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے معیشت کو نقصان ہو۔
سول سیکرٹریٹ لاہور میں چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جن بیوروکریٹس کے خلاف کارروائی کی ان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، گزشتہ برس پنجاب میں میگا کرپشن کیسز سامنے آئے، نیب آپ سب کا اپنا ادارہ ہے، نیب ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے ملکی معیشت کو نقصان ہو۔
چیئرمین نیب نے کہا بیوروکریسی اگر فیصلے نہیں کرے گی تو ہم آگے کیسے بڑھیں گے، بیورو کرسی ملک کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت پالیسی بناتی ہے، عملدرآمد بیورو کرسی کا کام ہے۔ شواہد سے ثابت کروں گا جو نیب کام کر رہا ہے وہ درست ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے مزید کہا جائز معاملات میں افسران کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، افسران کو کسی قسم کے خوف کی ضرورت نہیں ہے، کوئی بھی افسر کسی وقت بھی مل سکتا ہے، افسران کرپشن کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔