منی لانڈرنگ کیس: شریف خاندان کی خواتین کے طلبی کے نوٹس منسوخ

Last Updated On 15 April,2019 06:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شریف خاندان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں چیئرمین نیب نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادیوں کے نوٹس منسوخ کر دئیے۔

 چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب لاہور آفس میں اہم اجلاس ہوا، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کو لاہور بیورو میں انکوائریز، انوسٹی گیشنز، میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے کیسز پر خصوصی طور پر بریفنگ دی گئی جس پر چیئرمین نیب جاوید اقبال کی جانب سے بڑا فیصلہ کیا گیا اور چیئرمین نے شریف خاندان کی خواتین کے نیب طلبی کے نوٹس فوری طور پر منسوخ کر دئیے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور ان کی صاحبزادیوں رابعہ عمران، جوریہ علی کے طلبی کے نوٹس منسوخ ہوگئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے نیب کو مطلوب معلومات کے لئے سوالنامہ ارسال کرنے کا حکم دیا، شریف خاندان کی خواتین کو سوالنامے ارسال کر دئیے جائیں گے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق مذکورہ اقدامات اس بات کے غماز ہیں کہ نیب خواتین کے تقدس، حرمت، عزت، چادر اور چاردیواری پر مکمل یقین رکھتا ہے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اس موقع پر ایک بار پھر واضح کیا کہ نیب چادر چاردیواری اور خواتین کا مکمل احترام کرتا ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان ہے۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔