مکران ہائی وے پر جاں‌ بحق 14 افراد میں‌ پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل

Last Updated On 18 April,2019 11:28 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں ملک دشمنوں نے بربریت کی انتہا کر دی، اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 افراد کو بس سے اتار کر قتل کر دیا جن میں‌ پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں. مسافروں کو شناختی کارڈ دیکھ کر مارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق کراچی سے اورماڑا جانے والی 5 سے 6 بسوں سے کوسٹل ہائی ہنگول پارک کے قریب 15 سے زائد مسلح افراد نے 14 مسافروں کو اتار کر ان کی شناخت چیک کی اور ہاتھ باندھ کر ایک لائن میں کھڑے کر کے قتل کر دیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شہدا میں پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

2 افراد نے بھاگ کر قریبی چیک پوسٹ پہنچ کر اپنی جان بچائی، اطلاع ملنے پر مقامی لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقعہ پر پہنچ کر لاشوں کو طویل میں لیکر نیوی ہسپتال اورماڑا منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے نقاب پہنے ہوئے تھے۔ مقتولین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقے بوزی ٹاپ پر دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ عمران خان نے کہا متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔