بم آلو کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف

Last Updated On 12 April,2019 01:58 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 2 بچے، ایک ایف سی اہلکار اور ہزارہ برادری کے 8 افراد بھی شامل ہیں، بم آلو کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ ہزار گنجی میں صبح آلووں کی مارکیٹ میں زور دار دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 2 بچے اور ایک ایف سی اہلکار اور ہزارہ برادری کے 8 افراد بھی شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 3 ایف سی اہلکار ہیں جبکہ دیگر 27 میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں اور لاشوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم آلو کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ دھماکے میں ہزارہ برادری کے 8 افراد سمیت 16 افراد شہید، 30 زخمی

بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لئے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔