لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنانے سے حکومت کے گریز پر مسلم لیگ ن نے قائمہ کمیٹیوں کے اپنے ارکان سے استعفے مانگ لیے ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہفتہ کے روز طلب کر لیا گیا ہے۔ ارکان ہفتہ کے روز قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے پارٹی کو استعفے جمع کروا دیں گے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی فیصلہ کرے گی کہ قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے کب استعفوں کا آپشن استعمال کرنا ہے؟ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کو چیئرمین پی اے سی نہ بنانے پر انتہائی قدم کی دھمکی دے رکھی ہے۔
مسلم لیگ ن نے قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی، کمیٹیوں کے بائیکاٹ اور رکنیت سے استعفوں کی دھمکی دی ہے۔ حمزہ شہباز کو چیئرمین بنانے کے معاہدے پرعمل نہ ہوا تو مسلم لیگ ن مرحلہ وارآپشنز پر عمل کرے گی۔