اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان برادر اسلامی ملک ایران کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہو گئے جہاں وفود کی سطح پر مذاکرات اور مختلف سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے. عمران خان ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے ملاقاتیں بھی کریں گے.
وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں جہاں پاک ایران دوستانہ تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر مذاکرات ہوں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت وزراء بھی ایران جائیں گے۔ اس دوران سانحہ اوماڑہ میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی پر بھی بات ہو گی۔
عمران خان مشہد میں روضہ حضرت امام رضا پر حاضری دیں گے پھر تہران پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا وزیر روڈز و اربن ڈویلپمنٹ محمد اسلامی استقبال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو پیر کی صبح گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا جس کے بعد کئی ایم او یوز اور معاہدوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔
ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی جس کے بعد ایرانی صدر، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، وزیراعظم عمران خان ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنائی سے بھی ملاقات کریں گے۔