پشاور: (دنیا نیوز) شوکت یوسفزئی نے صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا جو کارکردگی نہیں دکھائے گا وہ گھر جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 8 سے 10 دنوں میں صوبائی کابینہ میں رد وبدل کا امکان ہے، کارکردگی دکھانے والے ہی کابینہ میں رہیں گے، کارکردگی نہ دکھانے والے گھر جائیں گے۔
شوکت یوسفزئی کا وزیر اعلیٰ کے خلاف پروپیگنڈے سے متعلق کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان صوبے میں بااختیار ہیں، تمام فیصلے وزیراعلیٰ خود کرتے ہیں، فاٹا انضمام کا مشکل مرحلہ وزیراعلیٰ کی سیاسی بصیرت سے حل ہوا، وزیراعظم کا آج بھی محمود خان پر اعتماد ہے، حکومت کے اندر اختلافات کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
ادھر ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کی چین سے واپسی کے بعد کے پی کابینہ میں رد وبدل ہوگا، صوبائی کابینہ میں 4 نئے معاونین اور مشیر لیے جائیں گے، محب اللہ سے زراعت، عاطف خان سے یوتھ اینڈ سپورٹس کے محکمے لیے جائیں گے، ہشام انعام اللہ سے صحت اور ضیاءاللہ بنگش سے تعلیم کا قلمدان واپس لیاجائیگا۔
ذرائع کے مطابق میاں خلیق الرحمان کو پی اینڈ ڈی، عارف احمد کو پبلک ہیلتھ دینے کا امکان ہے، آغاز اکرام اللہ کو زراعت، ریاض کو زکوۃ و عشر دیا جائےگا۔ شہرام ترکئی سے بلدیات کا قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے، خاتون ایم پی اے عائشہ بانو کو بھی کابینہ کا حصہ بنانے کا امکان ہے، کارکردگی نہ دکھانے والے مشیر و وزراء کو فارغ کیا جائے گا۔