بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹائن لیگارڈ کے درمیان ملاقات بیجنگ میں ہوئی۔ وزیراعظم نے انھیں پاکستان میں معاشی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹائن لیگارڈ کے درمیان ملاقات دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی۔
آئی ایم ایف چیف کرسٹائن لیگارڈ کا بعد ازاں اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے بیجنگ میں ملاقات کرکے خوشی ہوئی، اس ملاقات میں پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ حکومت کو مضبوط کرنے اور غربت کے تحفظ پر بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے بھی ملاقات کی۔ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے گفتگو جبکہ سیاسی تعلقات، تجارت، اقتصادی روابط بڑھانے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کاسا 1000 منصوبہ بروقت مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعلقاف کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
قبل ازیں بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور عالمی بینک کی سی ای او کی ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی پروگرام پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔