کشمور: (دنیا نیوز) نیب نے کشمور اور کندھکوٹ میں فوڈ کے گوداموں پر چھاپے مارے، 1 ارب 20 کروڑ روپے کی گندم غائب جبکہ بوریوں میں مٹی بھر دی گئی۔ کئی گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔
نیب سکھر کی جانب سے کشمور کندھکوٹ سمیت قریب اضلاع کے گوداموں پر چھاپے مارے گئے، جہاں پر چھاپوں کے بعد انکشاف ہوا کہ گوداموں سے 2 لاکھ بوریاں غائب تھیں جبکہ محکمہ فوڈ کے گوداموں میں گندم کی جگہ مٹی سے بھری ہوئی بوریاں بھی برآمد کی گئیں۔
نیب سکھر کے مطابق غائب کی گئی 2 لاکھ بوریوں کی قیمت 50 کروڑ بتائی جاتی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب کو محکمہ فوڈ میں بدعنوانیوں کے حوالے سے اظلاع موصول ہوئی تھی جس پر انہون نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایات جاری کیں تھیں۔
نیب ذرائع کے مطابق ضلع کندھکوٹ کشمور اور اسکے قریبی اضلاع کے گوداموں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ متعدد گوداموں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ جس کی رپورٹ مکمل کر کے ڈی جی نیب کو ارسال کر دی جائے گی اور ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔