کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والوں کو صوبے کے عوام نے مسترد کر دیا ہے، سندھ کے بٹوارے کی سیاست سندھ کے عوام پسند نہیں کرتے۔
xدنیا نیوز سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آدھا سندھ جیسی باتیں ناقابل قبول ہیں، سندھ کی اپنی تاریخ اور تہذیب ہے، ایم کیو ایم کے رہنما سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے اپنا چورن اور منجن بیچ رہے ہیں۔
مرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ناکام جلسے پر متحدہ کے رہنماؤں کی نیندیں اڑ جانی چاہئیں، جلسے میں حاضرین کی تعداد بہت کم رہی، 2018 کے انتخابات میں سندھ کے عوام نے ایم کیو ایم کو بری طرح مسترد کر دیا تھا، سندھ کی تقیسم اور بٹوارے کی سیاست سندھ کے عوام ہرگز پسند نہیں کرتے۔