'وزیراعظم نے بلاول بھٹو صاحبہ کا لفظ استعمال کیا، ایوان میں معافی مانگیں'

Last Updated On 25 April,2019 01:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے بلاول بھٹو صاحبہ کا لفظ استعمال کیا، عمران خان نے جو الفاظ استعمال کیے ان کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم نے چیئرمین پیپلزپارٹی نہیں خواتین کی تذلیل کی، ایوان میں آکر معافی مانگیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو زرداری صاحبہ کہنا انکی شخصیت اور ذات کی تذلیل نہیں خواتین کی تذلیل ہے، کل وضاحت کی گئی کہ یہ زبان کا پھسل جانا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان نے اپنے الفاظ واپس نہ لئے تو مجبور ہونگے یہ کہنے پر کہ یہ ہمارے وزیراعظم نہیں ہیں، اگر وزیراعظم نے اپنے الفاظ واپس نہ لئے تو ایوان اور ایون سے گو عمران گو ہوگا۔

قبل ازیں انتخابات 2017 ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے پر اپوزیشن کی خواتین ارکان نے نعرے بازی کی اور سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔ خواتین اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا ہمیں پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے دیا جائے۔ جس پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا آپ ایوان کو چلنے نہیں دیتے، کارروائی کے دوران آپ پوائنٹ آف آرڈر مانگ لیتے ہیں، پہلے ایوان کی کارروائی چلے گی پھر بولنے کا موقع دیا جائے گا۔