اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم زبان پر قابو رکھیں، بیان دے کر اپنا قد چھوٹا کرلیا، شاہ محمود قریشی بیرون ملک دورے میں تنہا نہ چھوڑیں عمران خان کی زبان پھسل جاتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کہتے ہیں عورت ہونا گالی ہے، مرد کو عورت کہنے سے کیا پیغام جاتاہے ؟ اس بجٹ میں ریلیف نہ ہواتو عوام خودنکلیں گے۔ انہوں نے کہا اٹھارویں ترمیم کے تحفظ کیلئے کھڑے ہیں اور رہیں گے، 18 ویں ترمیم اور جمہوری نظام کو چھیڑنے نہیں دیں گے، صدارتی نظام کیخلاف بھرپور مزاحمت کریں گے، پیپلزپارٹی حکومت کے سامنے دیوار کی طرح کھڑی رہے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ملک کی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی حکومت مزدوروں کو بے روزگار کر رہی ہے، ہر پاکستانی کے لیے زندگی تنگ ہوتی جا رہی ہے، مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ لوگوں کی تنخواہیں کم پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، ایمنسٹی اور ریلیف امیر لوگوں کیلئے ہے، کیاغریب عوام کو ریلیف مل سکتاہے ؟ کس قسم کا نظام ہے، کس قسم کی حکومت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ان کا وزیر خزانہ کہتا ہے کہ ہماری معاشی پالیسی سے عوام کی چیخیں نکلیں گی، کیسی حکومت ہے جو کہتی ہے مہنگائی ایشو نہیں، مزدور کو بیروزگار کر کے قرض واپس دیا جا رہا ہے، اگر آپ بیمار ہیں تو صحت کا انصاف یہ کہتا ہے کہ آپ مرجائیں، ان کی یہ سوچ ہے کہ امیر کو مزید امیر بنا دیں۔ انہوں نے کہا ہمارے دور حکومت میں مزدور، کسان اور غریب خوش تھے، عوام کے پیٹ اور جیب میں کچھ نہیں، آپ آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کو ترجیح دے رہے تھے۔