خیبرپختونخوا اسمبلی: اپوزیشن اراکین کا احتجاج، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں

Last Updated On 29 April,2019 06:43 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے بات کا موقع نہ دینے پر سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ڈیسک بجائے۔ اپوزیشن کے احتجاج کے دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ قبائلی اضلاع میں وفاقی قوانین کی توسیع کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں اپوازیشن اراکین نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کا موقع نہ دینے پر احتجاج کیا۔

اپوزیشن اراکین سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوئے اور نعرہ بازی شروع کر دی۔ پیپلز پارٹی کی رکن نگہت اورکزئی سپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھ گئیں۔ اپوزیشن اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور سیٹیاں بھی بجائی گئیں۔

اپوزیشن اراکین احتجاج کے دوران ڈیسکیں بھی بجاتے رہے۔ احتجاج کے دوران لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اسمبلی میں قبائلی اضلاع میں وفاقی قوانین کی توسیع کا بل بھی منظور کیا گیا۔ بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس دو مئی تک ملتوی کر دیا گیا۔