'نامساعد حالات کے باوجود پاکستان افغانستان سے بہت تعاون کر رہا ہے'

Last Updated On 30 April,2019 03:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے نامساعد حالات کے باوجود پاکستان افغانستان سے بہت تعاون کر رہا ہے، چین میں وزیراعظم کی روسی صدر سے ملاقات شیڈول نہیں تھی، جلد روسی صدر سے ملاقات ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بہادر افغان عوام نے کبھی بیرونی آقاؤں کو تسلیم نہیں کیا، پاکستان اور افغانستان کے مفادات مشترکہ ہیں، خطے میں امن و استحکام کیلئے مختلف تنظیمیں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا افغان امن عمل میں ہونیوالی پیشرفت کو سراہتے ہیں، افغانستان کے عوام نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے، افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے پاکستان مخلصانہ کوشش کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا افغان تنازع کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے، افغانستان میں امن خطے کے مربوط روابط کیلئے ضروری ہے، پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دیئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا افغان امن عمل کیلئے زلمے خلیل زاد سےمتعدد ملاقاتیں کرچکا ہوں، افغانستان ہمارا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، پیش رفت قابل تعریف ہے، پاک افغان مذاکرات کا ساتواں دور کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے افغانستان کی تعمیر نو کیلئے مالی مدد بھی کی ہے، پاکستان نے افغانستان کے عوام کیلئے کابل میں جناح ہسپتال کا تحفہ دیا، پاکستان افغانستان کیساتھ ملکر مشترکہ منصوبوں میں تعاون کرنا چاہتا ہے، آج تک دنیا کی کوئی بڑی طاقت افغانستان میں کامیاب نہیں ہوسکی۔  

Advertisement