مردان: (دنیا نیوز) مردان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے بڑی مقدار میں بارودی مواد اور 28 ڈیٹونیٹرز برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا، دوسری جانب ایف سی بلوچستان نےخفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سےبھاری مقدار میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس نے خیبر پختونخوا میں ایکشن کرتے ہوئے تخریب کاری کا بڑا منصوبے ناکام بنا دیا، کے پی کے علاقے مردان کے قریب رستم میں پولیس نے مشکوک گاڑی روک کر تلاشی لی تو خفیہ خانوں سے 500میٹرپرائماکارڈ اور28ڈیٹونیٹر برآمد کر لئے، گاڑی میں موجود 2 افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او مردان کے مطابق ملزمان کا تعلق مہمند ایجنسی اور پشاور سے ہے۔
دوسرے واقعے میں بلوچستان کے تربت کے قریب اسلحے اورگولہ بارودکا بڑا ذخیرہ قبضے میں لے لیا گیا جسے دہشتگردوں نے تخریب کاری کی کارروائیوں کیلئے چھپا رکھا تھا۔ ایف سی بلوچستان نے تلمب مندکے علاقے میں آپریشن کر کے بڑی تعداد میں مشین گنیں، کلاشنکوف، مارٹر گولے، دستی بم اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد کر لیں۔