اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ڈاکٹروں نے بیرون ملک علاج کا مشورہ دیا، حکومت بتائے کس نے این آر او مانگا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا بتائیں اتنے بھاری قرضے کیوں لے رہے ہیں، مہنگائی میں کیوں اضافہ ہوا، چور چور کا شور مچانے کی بجائے سوالات کا جواب دیں۔ آپ سے کارکردگی نہیں دکھائی جا رہی تو الزامات مت لگائیں۔
واضح رہے کہ نوازشریف کی جانب سے ضمانت میں توسیع اور علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی استدعا آج مسترد کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رہائی علاج کیلئے دی تھی، ٹیسٹوں پر ضائع کر دی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ اچھے ڈاکٹرز، جدید مشینیں موجود ہیں کیسے معلوم ہوا کہ پاکستان میں علاج ممکن نہیں، آپ نے درخواست ضمانت میں میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پیش کی تھی، میڈیکل بورڈ نے انجیو گرافی کو لازمی قرار دیا تھا، اسی وجہ سے ہم نے آپ کو ضمانت دی، اب کہتے ہے کہ ملک میں علاج ممکن نہیں، آپ اپنی ہی پہلی درخواست سے باہر چلے گئے۔