اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین فیڈل بورڈ آف ریونیو جہانزیب خان اور گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ ایف بی آر کے نئے چیئرمین کیلئے فضل یزدانی، جاوید غنی، زاہد کھوکھر اور رشید شیخ کے نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو جہانزیب خان اور گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ کو عہدوں سے ہٹانے کا اصولی فیصلہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے دور میں ہو گیا تھا تاہم آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج ریونیو معاملات اور اقتصادی صورتحال کو درپیش چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ سے مشاورت کے بعد وزیراعظم نے فوری طور پر یہ بڑا اقدام اٹھایا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو ریونیو شارٹ فال، ایمنیسٹی سکیم پر تحفظات اور ایف بی آر میں اصلاحات نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔ نئے چیئرمین ایف بی آر کیلئے فضل یزدانی، جاوید غنی، زاہد کھوکھر اور رشید شیخ کے نام زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئے ناموں پر وزیراعظم سے مشاورت جاری ہے۔
سٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو بھی عہدہ چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔ ترجمان اسٹیٹ بینک نے طارق باجوہ کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کر دی ہے۔ طارق باجوہ کی مدت ملازمت 2020 میں پوری ہونا تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے وزارت خزانہ کے توسط سے استعفیٰ وزیراعظم سیکریٹریٹ ارسال کر دیا ہے۔