کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی مقامی عدالت نے ایف بی آر کی درخواست پر بیس مختلف بینک اکاؤئنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بینک اکاؤئنٹس 30 روز کیلئے ایف بی آر کراچی کی درخواست پر منجمد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں امریکی ڈالرز بیرون ملک بھیجنے، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور بے نامی اکاؤئنٹس کیخلاف ایف بی آر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بیس مختلف بینک اکاؤئنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ بینک اکاؤئنٹس 30 روز کیلئے ایف بی آر کراچی کی درخواست پر منجمد کیے گئے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے اربوں روپے کی ٹرانزیکشن والے اکاؤئنٹس سے رقم نکال لی جائے گی۔ قومی رقم محفوظ بنانے کیلئے تینوں مقدمات کے بینک اکاؤئنٹس منجمند کیے جائیں۔
ایف بی آر کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی ایک فیملی کی جانب سے 4 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز امریکا منتقل کیے جانے کا مقدمہ درج ہے۔ ملزمان میں پرویز علی، بیٹیاں سارہ، انعم علی اور بیٹا جبران شامل ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے منی لانڈرنگ کے لیے 2016ء میں 11 بینک اکاؤئنٹس کھولے تھے۔