اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے ملاقات کی ہے۔ عمران خان نے کرپٹ بیوروکریٹس کیخلاف 800 کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔
لاہور علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ہونے والی ملاقات میں کرپشن کے موضوع پر بات ہوئی۔ وزیر اعظم نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو باور کرایا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے ناسور نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور اداروں کو تباہ کیا، جس سے عام آدمی کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
دوسری طرف اجلاس کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ 800 کیسز کی تحقیقات کی منظوری مل گئی ہے۔ گریڈ 17 تا 22 تک کے بڑے افسروں اور ملازمین کیخلاف بھی تحقیقات کی منظوری مل چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ہے کہ جو بھی بڑے لوگ ہیں جنہوں نے خزانے کو نقصان پہنچایا ان کیخلاف ایکشن لوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے 50 فیصد کیسز پٹواری اور کانسٹیبل تک محدود تھے۔ اس سے قبل کسی بڑے پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا تھا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اعجاز حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں جس بھی افسر کے خلاف کیس ہو گا اسے اپنی صفائی کا مکمل موقع دیں گے۔