اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے لاہور میں داتا دربار کے قریب خود کش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا بم دھماکے دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی اور شکست خوردہ ذہنیت ہے، دہشتگرد امن کو ثبوتاژ کر کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ذمہ داروں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ریاست نے دہشتگردوں کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے، ہمارا عزم ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔
مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا اس نوعیت کی وارداتیں کرنے والے پاکستان اور اسلام دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ہر طرح کی دہشت گردی کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہر شہید قوم کا ہیرو اور ان کے اہلخانہ ہی وطن کے حقیقی وارث ہیں۔
بلاول بھٹو زردای نے داتا دربار دھماکے میں ملوث درندوں کو گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ملک دشمن عناصر پاکستان میں بد امنی اور خوف پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔