کارکے رینٹل پاور کیس: ملزم لئیق احمد کے جسمانی ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع

Last Updated On 08 May,2019 07:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے کارکے رینٹل پاور کیس کے ملزم لئیق احمد کے جسمانی ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے دوبارہ نیب کے حوالے کر دیا ہے۔

 

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم نے ایک اور آف شور کمپنی بھی بنا رکھی تھی۔ ملزم کے دوسرے رشتہ داروں کے اکاؤنٹس میں بھی رقم منتقل ہوئی، اس بات کی بھی تفتیش کرنی ہے۔

نیب نے کارکے رینٹل پاورکیس کے ملزم لئیق احمد کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کے روبرو پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم نے ایک اور آف شور کمپنی بھی بنا رکھی تھی۔

ملزم نے کمپنی کی تردید کی جبکہ پہلی کمپنی بند کر کے اسے کھولا گیا۔ مزید تفتیش اور دستاویزات کے حصول کیلئے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کے دوسرے رشتہ داروں کے اکاؤنٹس میں بھی رقم منتقل ہوئی، اس بات کی بھی تفتیش کرنی ہے۔

عدالت نے ملزم کو کمرہ عدالت میں اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت دی اور پھر جسمانی ریمانڈ میں 13 مئی تک توسیع کر دی۔