نیب کے پلی بارگین قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے: چیئرمین نیب

Last Updated On 02 May,2019 01:52 pm

ملتان: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے پلی بارگین قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں لیکن نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، نیب قانون کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گا۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کوئی طاقت نیب کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی، بدعنوان عناصر کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا، بد عنوانی نہ ہوتی تو پاکستان کو قرض نہ لینا پڑتا۔ وہ دور گزر گیا جب کرپشن پر چشم پوشی کی جاتی تھی۔ جو لوٹ مار کرے گا اسے نیب کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب نے ہمیشہ تنقید کو خوش آمدید کہا، تنقید ضرور ہو لیکن مثبت ہو، ہر روز سنتے ہیں نیب کالا قانون ہے، کالک قانون کو غلط استعمال کرنے والے کے ہاتھوں میں ہوتی ہے، اگر یہ کالا قانون ہے تو اسے گزشتہ حکومتوں نے ختم کیوں نہیں کیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ہماری واحد خواہش کرپشن فری پاکستان ہے، نیب اورمعیشت ساتھ ساتھ چل سکتےہیں اورچل رہےہیں مگر معیشیت اور کرپشن ساتھ نہیں چل سکتی۔ نیب کے پلی بارگین قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہاوسنگ سوسائٹیز میں سرمایہ کاری سے قبل ضرور چھان بین کریں۔

،