کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں نیب نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور کامران مائیکل کے خلاف انکوائریوں کی سفارشات منظور کر کے معاملہ اسلام آباد ہیڈ کوارٹر بھجوا دیا۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کئے جائیں گے۔
نیب کراچی نے میگا کرپشن کے بڑے مقدمات فائنل کرلیے۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل اور پی آئی اے کیخلاف سفارشات منظور کرلیں۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیے جائیں گے۔
نیب کے مطابق آغا سراج درانی نے رشتے داروں اور ملازمین کے نام پر ایک اعشاریہ چھ ارب روپے کےاثاثے بنائے۔ حمیر ایسوسی ایٹس اور رومی ہاوسنگ پراجیکٹ میں عوام سے فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا۔ نیب کے مطابق 104 الاٹیز کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا، کمپنی 1979 سے اب تک الاٹیز کو قبضہ دینے میں بھی ناکام رہی۔
کامران مائیکل نے 11 کروڑ کی خوردبرد کی، کے پی ٹی ہاؤسنگ، پی آئی اے کے 2 بڑے کرپشن کیسز بھی فائنل کر لئے۔ انتظامیہ نے اے ٹی آر طیارے کو غیر قانونی طور پر گراؤنڈکر کے خزانے کو نقصان پہنچایا۔ پی آئی اے نے طیارے کی مرمت کے بجائے نجی لاجسٹک کمپنی سے غیر قانونی معاہدہ کیا۔