لاہور: (دنیا نیوز) رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے رخصت ہونے کے باعث جج وسیم اختر نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ وکیل شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر ہیں انکی حاضری سے استشنی کی درخواست دے رہے ہیں۔ جس پر جج نے کہا پہلے بھی استثنیٰ کی کوئی درخواست دی ہے ؟۔
جج وسیم اختر نے پوچھا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں دوسرا ملزم کون ہے ؟ وکیل نے کہا حمزہ شہباز دوسرے ملزم ہیں وہ عدالت میں موجود ہیں۔ جج وسیم اختر نے حمزہ شہباز سے استفسار کیا آپ کچھ کہناچاہیں گے جس پر حمزہ شہباز نے کہا میں عدالت کے سامنے حاضر ہوں۔ جج وسیم اختر نے کہا احتساب عدالت کے جج رخصت پر ہیں، سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استشنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔