لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز کا کہنا ہے حکومت میں مہنگائی روکنے کی اہلیت نہیں، آنیوالے دنوں میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، عوام ہوشیار رہیں۔
حمزہ شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رمضان کی آمد آمد ہے اور مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا گیا، حکومت کے وزرا تنقید کے سوا کچھ نہیں کر رہے، حکومت ملک کو چلانے میں ناکام ہو چکی ہے، حکومت آج بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنے جا رہی ہے، پشاور میں نیب نام کی چیز نظر نہیں آ رہی، کیا وہاں نیب سو رہی ہے۔
قبل ازیں احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی۔
احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے رخصت ہونے کے باعث جج وسیم اختر نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ وکیل شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر ہیں انکی حاضری سے استشنی کی درخواست دے رہے ہیں۔ جس پر جج نے کہا پہلے بھی استثنیٰ کی کوئی درخواست دی ہے ؟۔
جج وسیم اختر نے پوچھا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں دوسرا ملزم کون ہے ؟ وکیل نے کہا حمزہ شہباز دوسرے ملزم ہیں وہ عدالت میں موجود ہیں۔ جج وسیم اختر نے حمزہ شہباز سے استفسار کیا آپ کچھ کہناچاہیں گے جس پر حمزہ شہباز نے کہا میں عدالت کے سامنے حاضر ہوں۔ جج وسیم اختر نے کہا احتساب عدالت کے جج رخصت پر ہیں، سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔ عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے استشنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔